حکومت منی بجٹ منظور کرانے پر ڈٹ گئی، وزیراعظم آج اتحادیوں کو اعتماد میں لینگے

اسلام آباد:حکومت کی اہم اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) نے منی بجٹ کی حمایت کا فیصلہ کرلیا ہے ۔منی بجٹ پر حکومتی اتحادیوں اور اپوزیشن کے درمیان مثبت پیش رفت نہ ہونے پر مسلم لیگ (ق) نے حکومت کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے ۔میڈیارپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی مشاورت کے بعد ق لیگ نے فنانس بل کو ووٹ دینے کا فیصلہ کیا، اس حوالے سے سینئر(ق) لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ بل کی کسی شق پر اعتراض ہوا تو اپنی تجاویز دیں گے۔لیکن قومی اسمبلی میں حکومت کا ساتھ دیا جائے گا، اسکے علاوہ دیگر اتحادی جماعتوں کی جانب سے بھی منی بجٹ کی حمایت کیے جانے کا امکان ہے۔خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے منی بجٹ کی منظوری کیلئے کابینہ کا اجلاس جمعرا ت کو دوبارہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ و زیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس دن 12 بجے ہوگا، کابینہ خصوصی اجلاس میں فنانس ترمیمی بل کی منظوری دی جائے گی، وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد منی بجٹ قومی اسمبلی میں پیش ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس بھی آج طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں ارکان اسمبلی کو منی بجٹ کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے منگل کے روز منی بجٹ لانے کے حوالے سے کابینہ اجلاس میں کھل کر بات چیت کی۔ وزیراعظم وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں منی بجٹ پر دوبارہ بریفنگ دیں گے۔اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی اداروں کے قرض،سود واپس کرنے کے لیے انہی سے قرض واپس لینے پڑتے ہیں۔سابق حکمرانوں نے عالمی اداروں سے قرض لے کر ہمیں غلام قوم بنا دیا۔ماضی میں اربوں ڈالر قرض نہ لیے جاتے تو ملک دلدل میں نہ پھنستا۔سابق حکمرانوں کے غلط فیصلوں کو قوم کو آج بھگتنا پڑ رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ کثیر ٹیکس عالمی اداروں کو سود کی ادائیگی میں چلا جاتا ہے۔قوم سابق حکمرانوں کی عیاشیوں کا خمیازہ بھگت رہا ہے۔ مشیر خزانہ نے وضاحت کی کہ منی بجٹ کے لیے آئی ایم ایف سے شرائط بھی منوانی ہیں۔خیال رہے حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ ہوئے معاہدے کے تحت منی بجٹ لانے کی تیاریاں کر لی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے نئے ایل این جی ٹرمینلز، ورچوئل پائپ لائن منصوبوں کی تنصیب کے عمل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور وزارت بحری امور، وزارت پٹرولیم اور اوگرا کو ہدایت کی کہ وہ آپس میں ہم آہنگی پیدا کریں۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں گیس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، عمران خان کا کہنا تھا کہ قدرتی گیس کے گھریلو تلاش کے لائسنس کے اجراءکو تیز کیا جائے۔ وزیر اعظم عمران خان نے وزارت تجارت کو برآمد کنندگان کی شکایات کا فوری ازالہ کر نے کے لیے ایک آن لائن پورٹل تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ملک میں ایک ایسا کلچر پیدا کرنا ہے جو برآمدات میں اضافے اور درآمدات میں کمی کا باعث بن سکے،ہمیں پرعزم برآمد کنندگان کی ضرورت ہے جنہیں ملکی برآمدات میں اضافہ کرنے پر قومی سول ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔ بدھ کو وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں ایکسپورٹ کلچر کو فروغ دینے کےلئے اجلاس کی صدارت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں