منی بجٹ سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا،سردار سربلند جوگیزئی

کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے ترجمان سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے سو نا می نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے منی بجٹ سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا کستان پیپلزپارٹی منی بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ پی ٹی آئی سرکار کی جانب سے نئے سال کے موقع پر غریب عوام کا منی بجٹ کا تحفہ پیش کیا گیا ہے منی بجٹ کے ذریعے آٹا، گھی،دودھ،مکھن، انڈے، گوشت،موبائل فون،کمپیوٹر،گاڑیوں،اسٹیشنری سمیت دیگر150 اشیاء مہنگی کردی گئی ہیں جس سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا پہلے سے مہنگائی اور بے روزگاری کے ستائے ہوئے لوگ دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے منی بجٹ لاکرپاکستان کو عملی طور پر آئی ایم ایف کے حوالے کردیا ہے ملک کو چلانا موجودہ نا اہل اور سلیکٹڈ حکمرانوں کے بس کی بات نہیں ہے نا اہل اورسلیکٹڈ وزیراعظم اورانکی کابینہ نے ملک کو جتنا نقصان پہنچایا ہے اس کی تلافی ناممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ نا اہل حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کو خوش کرنے میں مصروف ہیں اور منی بجٹ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ عمران نیازی کی قیادت میں ملک کرپٹ مافیا کا مرکز بن چکا ہے آئی ایم ایف کے غلام وزیراعظم نے آکسیجن اور سورج کی روشنی کے علاوہ تمام چیزوں پر ٹیکس لگادیا ہے 400ارب روپے کا نیا ٹیکس عوام کے معاشی قتل کے مترادف ہے جس سے ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی موجودہ منی بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے پی ٹی آئی حکومت اپنے ہی مہنگائی کے سونامی میں ڈوب کر غرق ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے منی بجٹ کے خلاف ہر سیاسی کارکن کو باہر نکل کراحتجاج کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں