لاعلمی میں ہم منزل کی طرف نہ بڑھنے والا ہجوم بن گئے ہیں،حاجی لشکری رئیسانی

کوئٹہ:بلوچستان پیس فورم کے سربراہ سابق سینیٹرنوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ لاعلمی میں ہم منزل کی طرف نہ بڑھنے والا ہجوم بن گئے ہیں علمی خلاء میں قومیں نہ تو زندہ رہ سکتی ہیں اور نہ ہی ترقی کرسکتی ہیں۔ یہ بات انہوں نے کو سراوان ہاوس کوئٹہ میں سابق کمشنر کوئٹہ ڈویژن محمد نسیم لہڑی کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی سیکنڈری ہائی اسکول لوہڑ کاریز کیلئے دو سو کتابوں کا تحفہ دینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی بھی موجود تھے، نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ کتابوں سے دور رہنے والی قومیں ہمیشہ بحرانوں کاشکار رہتی ہیں، جدید دور کا تقاضا علم ہے اور علم کتاب کے ذریعے ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان دنیا کے اہم ترین خطے میں واقع ہے ایسے میں اگر ہم علم اور تعلیم کی طرف توجہ دیں گے تو یہاں کے لوگ بھی خطے کے اہم ترین لوگ بن سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ لاعلمی میں ہم منزل کی طرف نہ بڑھنے والا ہجوم بن گئے ہیں سیاسی عمل میں لاعلم ٹھیکیدار، شارٹ کٹ سے آنے والے لوگ حاوی ہوکر ہمارا قومی وقت ضائع کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ علمی خلاء میں قومیں نہ تو زندہ رہ سکتی ہیں اور نہ ہی ترقی کرسکتی ہیں کتاب دوست تحریک کی کوشش ہے کہ لوگوں کی توجہ کتاب کی طرف ہو اور کتاب کے ذریعے ہی جدید دور میں قدم رکھ کر باوقار قوم کی حیثیت سے اپنے مستقبل کا تعین کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں