پاکستان میں 2021 میں دہشتگردی کے واقعات میں 56 فیصد اضافہ ہوا،رپورٹ

21اسلام آباد(جی این ایم) پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز(پکس)کی سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2021 میں پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں 56 فیصد اضافہ ہوا۔پکس کی سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال میں دہشت گردی کے 294 واقعات میں 376 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور 606 زخمی ہوئے، گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں برس جانی نقصان میں 46 فیصد اضافہ ہوا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق رواں برس پاکستان میں سندھ اور گلگت بلتستان کے علاوہ ہر ریجن میں دہشت گردی بڑھی، 2021 میں بلوچستان سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا اور خیبر پختونخواہ کے قبائلی اضلاع میں 103 دہشت گرد حملے ہوئے۔پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات میں 184 عام شہری اور 192 سکیورٹی فورسز کے اہلکار شہید ہوئے جبکہ سکیورٹی فورسز نے 188 دہشت گردوں کو ہلاک اور 220 کو گرفتار کیا۔پکس کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2021 میں 2017 کے بعد سب سے زیادہ دہشت گردی کے واقعات ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں