کیسکو اور سوئی سدرن گیس حکام کی نااہلی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، پشتونخوا میپ

کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں کوئٹہ شہر واطراف میں بجلی اور گیس کی عدم فراہمی کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیسکو اور سوئی سدرن گیس حکام کی نااہلی وعوام دشمن اقدامات کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روزبارش کے بعد کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں بالخصوص پشتون آباد، ہزا ر گنجی، نواں کلی، ہنہ اوڑک، سرہ غوڑگئی، کچلاک، نوحصار سمنگلی، اغبرگ، دیبہ، ترخہ، مشرقی ومغربی بائی پاس، پشتون باغ، خروٹ آباد، کلی برات، کوٹوال، ترین شار، لیبرکالونی، کوٹوال، تختانی بائی پاس، موسی کالونی، خلجی کالونی، سریاب، بروری روڈ، ہزارہ ٹاؤن،کاسی روڈ، شالدرہ، حاجی غیبی روڈ، محمود مینہ، سیٹلائٹ ٹاؤن،کواری روڈ، سرکی روڈ، جان محمد کاسی روڈ اندرو ن شہر ودیگرملحقہ علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی اور بعض علاقوں میں گھنٹوں گھنٹوں بجلی کی بندش نے شہریوں کو شدید اذیت سے دوچار کردیا ہے جبکہ ان ہی مذکورہ بالاعلاقوں میں گیس پریشر کی شدید کمی کے باعث منفی 6درجہ حرات سردی کی اس موسم میں صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کیسکو حکام اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام اپنے صارفین کوسہولیات دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں شدید سردی میں عوام کو نہ ہی بجلی اور نہ ہی گیس میسر ہے جبکہ شکایات کرنے پر متعلقہ کمپنیوں کے حکام مکمل طور پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور ٹال مٹول سے کام لیتے ہیں۔ جبکہ یہی صورتحال سوئی سدرن گیس حکام کی ہے سردیوں کی شروعات سے قبل بھی حکام کی جانب سے گیس کی فراہمی اورپریشر کی درستگی کے حوالے سے صرف عوام کو طفل تسلیاں دی جارہی تھی اور آج بھی ہر قسم کے احتجاج کے بعد صرف یقین دہانی تک سلسلہ محدود کیا جاتا ہے اور بعد میں دوبار صارفین شہریوں کو مشکلات سے دوچار کیا جاتا ہے۔ بیا ن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کیسکو حکام غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرتے ہوئے مکمل وولٹیج کے ساتھ عوام کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام عوام کو گیس کی درست پریشر کے ساتھ فراہمی کو یقینی بنائیں دیگر صورتحال میں پشتونخوامیپ اپنے عوام کی تائید وحمایت کے ساتھ کیسکو اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے خلاف احتجاج پر مجبور ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں