منی بجٹ اور پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ سے مہنگائی کا طوفان آئیگا، مولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ:امیر جماعت اسلامی بلوچستا ن مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ منی بجٹ کی منظوری اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئیگا حکومت عوامی مسائل حل کرنے عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے صرف بھاری سودی قرضے،بدترین مہنگائی اورآئی ایم ایف کی ہدایات پر عمل کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے۔ حکمران سنجیدہ ہوکرملک وقوم کی مفادات کا سوچ لیں۔بلوچستان میں غربت بے روزگاری کی وجہ سے مہنگائی نے عوام کو زیادہ پریشان کر رکھا ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم نے ملک ومعیشت کا بیڑہ غرق،آئی ایم ایف کی مفادات کو ترجیح دی ہے عوام نے جس تبدیلی کے لیے ووٹ دیئے تھے، آج وہی قوم کے لئے وبال جان بن چکی۔ بلوچستان کی حکومت غافل عوام پریشان نوجوان بے روزگار ہیں بدقسمتی بلوچستان کے وسائل بلوچستان پر خرچ نہیں ہورہے۔حکمران بے عمل وعدوں کا سہارالے رہے ہیں۔بدترین مہنگائی،بے روزگاری اورغربت کی وجہ سے بلوچستان میں غریب عوام کو جان کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔ امیر پہلے سے زیادہ امیر ترین اور غریب پہلے سے زیادہ غریب ہوچکے ہیں۔ چند ڈالروں کی خاطر پورے ملک کو آئی ایم ایف کے سپرد کردیا گیا ہے۔ ملک میں مہنگائی کی شرح 22فیصد تک پہنچ گی ہے۔نااہل ناکام حکومت سے نجات حاصل کیے بغیر عوام کو سکھ کا سانس نہیں آسکتا موجودہ حکومت نے نا اہلیت میں ماضی کی تمام حکومتوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ان کے پاس اہلیت و صلاحیت اور وژن نام کی کوئی چیز نہیں۔ حالات دن بدن دگرگوں ہوتے چلے جارہے ہیں۔ جماعت اسلامی عوام کی حقیقی ترجمان ہے جبکہ دیگر نام نہادجماعتوں نے حقیقی معنوں میں اپوزیشن کا کردار ادا نہیں کیا۔ مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی دونوں تحریک انصاف کے خلاف عوامی چارج شیٹ کے جرائم میں برابر کے شریک ہیں اگر نام نہاد اپوزیشن جماعتوں نے تحریک انصاف کی حکومت کو ٹف ٹائم دیا ہوتا تو آج ملک کا یہ حال نہ ہوتا۔ بڑی پارٹیاں اپنے مفادات حاصل کرنے میں لگی رہیں۔ان کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ صرف جماعت اسلامی ہی ایک ایسی پارٹی ہے کہ جس نے ہمیشہ عوام کے مسائل کو حل کرنے کی بات کی ہے۔اور ان شاء اللہ ہم آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل کے لئے اپنی بھر پور جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں