حکومت بہت جلد قومی اسمبلی سے مالیاتی بل منظور کروالے گی،وزیرخزانہ

اسلام آباد : وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہاہے کہ حکومت بہت جلد قومی اسمبلی سے مالیاتی بل منظور کروالے گی جس کے بعد حتمی مرحلے کے لئے اسے سینیٹ میں پیش کیاجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہاکہ بجٹ میں عائد کئے گئے نئے ٹیکسوں کوایڈجسٹ کیاجائے گا اوروہ قابل واپسی بھی ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت مستقبل میں ٹیکس وصولی اورمختلف اشیاء کی پیداوار کے لئے قومی معیشت کودستاویزی شکل دینے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں جلد کم ہوجائیں گی کیونکہ حکومت نےپرتعیش اشیاء پر ٹیکسوں کے حجم میں اضافہ کیاہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیاجاسکے۔

شوکت ترین کاکہنا تھا کہ کروناوائرس کی وباء کی وجہ سے زیادہ ترملکوں کوافراط زرکاسامناہے تاہم اب صورتحال پرآہستہ آہستہ قابوپایاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے روپے کی قدرمیں کمی پرقابوپانے کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں