عمران خان نے 4 سال کے اقتدار میں کرپشن اور تباہی کے سوا کچھ نہیں کیا،شازیہ مری

اسلام آباد:پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ عمران خان نے چار سال کے اقتدار میں کرپشن اور تباہی کے سوا کچھ نہیں کیا۔پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی ترجمان شازیہ مری نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ثابت ہوگیا عمران خان کا کرپشن کے خلاف بیانیہ بھی دھوکا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کرپشن انڈیکس میں 16 درجے آگے جانا صادق اور امین کا کمال ہے، پہلے کے پی میں احتساب کمیشن کو تالا لگایا اور پھر ملک میں کرپشن بڑھائی۔انکا کہنا ہے کہ عمران خان نے چار سال کے اقتدار میں کرپشن اور تباہی کے سوا کچھ نہیں کیا، پشاور بی آر ٹی اور بلین ٹری میگا کرپشن کی کھلی داستان ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ ایل این جی کی خریداری میں تاخیر کرکے قوم کے اربوں روپے لوٹے گئے اور لوگوں پر مزید ٹیکس لگایا، اب کرپشن بڑھنے کا ملبہ بھی کسی وزیر یا مشیر پر ڈال دیا جائیگا۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران نے ملکی معیشت سے وابستہ ہر وزارت میں اپنے مالی سہولتکار بٹھائے ہیں، عمران نے ریکارڈ قرضے لئے اور آج ہر پاکستانی تقریباً 2 لاکھ روپے کا مقروض ہے، ملک میں اصل نااہل عمران احمد نیازی خود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں