مولانا فضل الرحمان ہفتہ کو قلات ڈویژن کا دورہ کریں گے

خضدار: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ہفتہ کو قلات ڈویژن کا دورہ کریں گے۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان 29 جنوری بروز ہفتہ کو قلات ڈویژن و بلوچستان کے صنعتی شہر حب کا ایک روزہ دورہ کریں گے جہاں وہ جامعہ اسلامیہ قاسم العلوم بھوانی حب میں علماء کنونشن و دستارِ فضیلت کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ مدرسہ جامعہ اسلامیہ قاسم العلوم بھوانی حب کے مدیر مولانا غلام قادر قاسمی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علماء کنونشن اور دستار فضیلت کانفرنس کی تمام تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جس میں بلوچستان بھر اور کراچی سے علماء کرام اور جامعہ ہذا کے فضلاء شرکت کریں گے۔ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کی آمد کے موقع پر حب میں تمام تیاریوں کو حتمی شکل دیدی جارہی ہے شاہراہ اور بازاروں میں خیرمقدمی بینرز اور پرچم آویزاں کئے گئے ہیں۔ مولانا غلام قادر قاسمی نے میڈیا نمائندوں کو بھی اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے گزشتہ روز انہوں نے خضدار کے دورے کے موقع پر مقامی صحافیوں سے ملاقات کرکے انہیں بھی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ مولانا فضل الرحمان حب کے دورے کے بعد چمن اور اس کے بعد مارچ کے پہلے ہفتے میں کوئٹہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ پارٹی میں شمولیتی تقاریب سے خطاب کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں