عوام دوست منصوبوں اور پالیسیوں کو پورے ملک میں متعارف کرائیں گے،بلاول بھٹو زرداری

لاڑکانہ :پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد وہ شہروں کی صفائی، مفت اسپتالوں کے نظام کے قیام اور کچی آبادیوں کے باسیوں کو مالکانہ حقوق دینے جیسے عوام دوست منصوبوں اور پالیسیوں کو پورے ملک میں متعارف کرائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اسلام آباد میں حکومت کے جمع ہونے والے کچرے کا بھی 27 فروری کو صفایا کردیں گے۔ لاڑکانہ میں سندھ سالڈ ویسٹ منجمنٹ بورڈ کے تحت صفائی کے آغاز کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ دیگر شہروں کی طرح لاڑکانہ میں بھی صفائی ستھرائی ایک مسئلہ تھا۔ شہر کی آبادی تو بہت تیزی سے بڑھتی گئی، لیکن سینیٹری ورکرز کی تعداد جتنی قائدِ عوام کے دور میں تھی، بعد میں اتنی ہی رہی، اس میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ سندھ کے دارالخلافہ کراچی میں بھی اسی طرح کے مسائل تھے۔ سابقہ بلدیاتی اداروں کے دور میں، کراچی میں جہاں جہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے منتخب نمائندے موجود تھے، انہوں نے یہ فیصلہ کیا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمینٹ کے ساتھ مل کر اور ماہرین کے تعاون سے علاقوں سے کچرا اٹھانے کا سلسلہ شروع کیا جائے، جس کے نتیجے میں وہاں بھتری نظر بھی آنے لگی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب سے مرتضی وہاب کراچی کے ایڈمنسٹریٹر مقرر ہوئے ہیں، انہوں نے کے ایم سی، محکمہ بلدیات اور ماہرین کے ساتھ مل کر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمینٹ کا کام باقی اضلاع میں بھی شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ شہر میں بھی کچرا اٹھانے کا کام شروع ہو گیا ہے، اور کام کا یہ سلسلہ گھروں سے شروع ہوکر ڈمپنگ سائیٹس تک جائے گا۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ ان کے تعاون کے بغیر شہر کو صاف ستھرا رکھنا ممکن نہیں ہے۔ لاڑکانہ شہر میں اس سلسلے میں ایک آگہی مہم بھی چلانی ہوگی کہ ہمیں مل کر اپے شہر کو صاف رکھنا ہے۔ شہریوں کو اپنے اپنے علاقوں میں صفائی کے عملے سے تعاون کو یقینی بنانا ہوگا۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ لاڑکانہ شہر میں صفائی کی ذمیداری ایک چینی کمپنی نے اٹھائی ہے۔ چین سے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی وجہ سے بہت گہرے تعلقات ہیں۔ مجھے معلوم ہے کہ لاڑکانہ کے لوگ اپنے مہمانوں کی بہت عزت کرتے اور خیال رکھتے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چند عناصر ہیں، جو ایم کیو ایم جیسا بننا چاہتے ہیں۔ انہیں سازشیں کرنے دیں، وڈیوز بنانے دیں، آپ اپنا کام کرتے رہیں۔ آپ کو عوام کی خدمت کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمینٹ کا عملہ لاڑکانہ کا کچرا صاف کرے گا، اور ہم 27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے اور اس حکومت کے کچرے کا جاکر صفایا کریں گے، جو اسلام آباد میں جمع ہوگیا ہے۔ اس موقعے پر سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، رکن پی پی پی سی ای سی جمیل سومرو، ایم این اے خورشید جونیجو، ایم پی اے سہیل انور سیال، چینی کمپنی گینسو کے سی ای او لیو تا، پی پی پی ضلع لاڑکانہ کے جنرل سیکریٹری اعجاز احمد لغاری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ دریں اثنا، پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ ویسٹ منجمنٹ بورڈ لاڑکانہ کی مشینری اور گاڑیوں کا معائنہ کیا۔ لاڑکانہ شہر کی تقریبا چھ لاکھ آبادی پر مشتمل 20 یونین کاونسلوں اور چار ٹانز کے گھر گھر سے چینی کمپنی یومیہ 400 ٹن کچرا اٹھائے گی، جبکہ اس منصوبے سے سینکڑوں مقامی افراد کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں