اردن کی فوج کی شامی سرحد پر کارروائیوں میں 27 اسمگلر ہلاک

عمان :اردن میں مسلح افواج نے ایک اعلان میں بتایا ہے کہ شام کے ساتھ سرحد پر دراندازی اور اسمگلنگ کی کئی کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔اس دوران میں 27 اسمگلر مارے گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس سلسلے میں جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ سیکورٹی اداروں نے جمعرات کو علی الصبح بیک وقت کئی کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں سرحد پر دراندازی اور نشہ آور مواد کی ایک بڑی مقدار کی اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔ یہ منشیات شام سے اردن کی اراضی میں لائی جا رہی تھی۔اردن کی مسلح افواج کی عام کمان کے ایک عسکری ذمے دار نے بیان میں بتایا کہ اسمگلروں اور ان کے ہمراہ دیگر مسلح گروپوں کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔ اس جھڑپ میں 27 افراد ہلاک ہو گئے اور متعدد اسمگلر زخمی ہو کر شام کی اراضی کی جانب فرار ہو گئے۔اردنی ذمے دار نے باور کرایا کہ سرحد کے راستے دراندازی یا اسمگلنگ کی کوشش کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ کسی کو بھی ملک کے امن کو نقصان پہنچانے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں