حکومت بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے انتہائی سنجیدگی سے کام کررہی ہے،میر عبدالقدوس بزنجو

تربت:وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے تربت میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لیے صوبائی حکومت اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے گزشتہ دنوں دشت کے مقام پر دہشت گردی کے واقعے کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہمارے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تربت میں انکے دورے کا مقصد پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر فاتحہ خوانی کرنا اور تخریب کاری کے خلاف جنگ میں انکی حوصلہ افزائی کرنا ہے انہوں نے کہا کہ تخریب کار اپنے مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔اور بلوچستان کے عوام دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لیے اپنے ریاستی اداروں کے ساتھ یے۔ اور دہشت گردی کی ایسی کارروائیوں سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا بلکہ اس سے بلوچستان کے عوام کو بے تحاشا نقصان پہنچنے گا انہوں نے کہا کہ خدارا ہوش کے ناخن لیں اور بلوچستان کے عوام پر رحم کریں۔ انہوں نے کہا کہ تخریب کار عناصر اپنے مضموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہ ہونگے۔اانہوں نے کہا کہ پولیس کو جدید اسلحہ سے لیس کرکے اسکی کارکردگی میں بہتری لائی جائے گی۔ جبکہ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے کے لیے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے اور اس حوالے سے فنڈز کے اجرا کا عمل شروع کردیا گیا ہے بلوچستان کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اور اس حوالے سے ہر ضلع میں ترقیاتی منصوبوں پر کام زور شور سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ان ترقیاتی اقدامات سے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں خالی آسامیوں کو پر کیا جارہا ہے تاکہ بے روزگاری کے خاتمے کو ممکن بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ 2013 کے بعد بلوچستان میں کافی بہتری آئی ہے اور تمام علاقوں میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے ہیں۔اس دوران انہوں نے اساتذہ اور ڈاکٹروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں خدمات سر انجام دیں تاکہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دہی علاقوں میں بھی تعلیم اور صحت کی خدمات بلا کسی تعطل و خلل پہنچائئ جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں برطرف ٹیچروں کی بحالی کے حوالے سے اقدامات کیے جارہے ہیں اور محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کو ان کی دوبارہ تعیناتی کے حوالے سے ہدایات جاری کیے گئے ہیں۔قبل ازیں انہوں نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوانین میں ضروری ترامیم کے بعد بہت جلد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مئی کے مہینے میں بلدیاتی انتخابات مکمل کیے جائینگے۔تاکہ نچلی سطح پر اختیارات عوام کو منتقل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے کے لیے انتہائی سنجیدگی سے کام کررہی ہے تاکہ تمام حکومتی ممبران کے ساتھ ملکر بلوچستان کی ترقی کے لیے مشترکہ طور پر کام کرسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں