اپوزیشن شکست کھا چکی ہے ، سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کی زبان پھسل گئی

اسلام آباد:سینیٹ میں خطاب کے دوران جمعیت علمائے اسلام ف کے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کی زبان پھسل گئی، خطاب کے دوران غلطی سے اپوزیشن شکست کھا چکی ہے کہہ بیٹھے۔ عبدالغفورحیدری کے جملے پر ایوان میں قہقہے لگے جبکہ چیئرمین سینیٹ بھی حیران رہ گئے۔ اس موقع پر حکومت اراکین نے نعرے لگائے کہ ہاں اپوزیشن شکست کھا چکی ہے۔جس پر مولانا عبدالغفور حیدری نے فوری تصحیح کرتے ہوئے کہا کہ حکومت شکست کھا چکی ہے، اعتراف کرے۔انہوں نے کہا کہ چئیرمین سینیٹ کا فرض ہے کہ یا وہ رائے شماری کریں یا بل کو ایجنڈے سے نکال دیں، یہ پورے ملک کی معیشت اور مالی اداروں کا مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ استیٹ بینک اور وزارت خزانہ پہلے ہی آئی ایم ایف کے حوالے کر دئیے ہیں، ملک کی معیشت کو تباہ کرنے جا رہے ہیں۔خیال رہے کہ حکومت نے قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ سے بھی اسٹیٹ بینک ترمیمی بل منظور کروالیا، سینیٹ اجلاس مین وزیر خزانہ شوکت ترین نے تحریک پیش کی، جہاں تحریک کے حق میں 43 اور مخالفت میں بھی 43 ہی ووٹ آئے تاہم چیئرمین صادق سنجرانی نے اپنا ووٹ تحریک کے حق میں دے دیا، تحریک کے حق میں ووٹ 44 آنے کے بعد وزیرخزانہ شوکت ترین نے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل ایوان میں پیش کیا تو بل کی شق وار منظوری کی گئی، اس دوران اپوزیشن اراکین نے بل کی کاپیاں پھاڑ دیں تاہم سینیٹ میں اسٹیٹ بینک ترمیمی بل منظور کرلیا گیا، بل کی منظوری کے بعد سینیٹ کا اجلاس پیر تک ملتوی کر دیا گیا۔ہ اس سے پہلے حکومت قومی اسمبلی اجلاس کے دوران کثرت رائے سے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل 2022 بھی منظور کروانے میں کامیاب ہوگئی تھی، اہم بلز کی منظوری کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے وزیر خزانہ شوکت ترین کو اپنی نشست پر بلا کر خصوصی شاباش دی گئی، اس سے قبل تحریک انصاف کی حکومت قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ضمنی مالیاتی بل 2021 بھی کثرت رائے سے منظور کروانے میں کامیاب ہو ئی، اجلاس کے دوران اپوزیشن کے کئی اراکین نے شرکت ہی نہ کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں