مہنگائی کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں جلد ہی قابو پا کر سرخرو ہونگے، شاہ محمود

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مہنگائی کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں جلد ہی اس پر قابو پا کر عوام کے سامنے سرخرو ہونگے۔اپنے ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ کا قیام تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے، صوبے بنانے کیلئے ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں، عمران خان کی ہدایت پر پی پی، ن لیگ دونوں جماعتوں کی قیادت کو خط لکھے، ابھی تک دونوں جماعتوں کی جانب سے کوئی جواب سامنے نہیں آیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے جلد ہی مزید پیش رفت کر رہا ہوں، پی پی، ن لیگ چاہتے تو اپنے دور اقتدار میں جنوبی پنجاب صوبے کیلئے بہت کچھ کرسکتے تھے، پی پی، ن لیگ اپنے دور اقتدار میں صوبہ تو درکنار سیکریٹریٹ بھی نہ بنا سکے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سیکریٹریٹ بنا کر جنوبی پنجاب صوبے کی بنیاد رکھ دی ہے، جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے قیام سے یہاں ترقی کا نیا دور شروع ہوا ہے، اپوزیشن کبھی صدارتی نظام کبھی عدم اعتماد، کبھی اسمبلیوں کے خاتمے کی قیاس آرائیاں کرتے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، وزیر اعظم عمران خان کو عوام نے پانچ سال کے لیے حکومت کا مینڈیٹ دیا ہے، عمران خان بطور وزیر اعظم اور تحریک انصاف کی حکومت آئینی مدت پوری کر یگی، عام انتخابات بھی اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا وباء کے اثرات کے باوجود ہماری حکومت کی معاشی پالیسیوں کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، ہماری حکومت کی پالیسیوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، مہنگائی ہماری حکومت کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں جلد ہی اس پر قابو پا کر عوام کے سامنے سرخرو ہونگے، ساڑھے تین سالوں میں کسی حکومتی عہدیدار کا کرپشن کا کیس سامنے نہیں آیا، وزیراعظم عمران خان کرپشن کے خاتمے کیلئے بلا امتیاز کارروائی پر یقین رکھتے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام سے عوام کو ریلیف ملے گا، سندھ میں بلدیاتی نظام پر اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو اعتراض ہے، سندھ کے اس بلدیاتی نظام سے عوام کے مسائل حل ہونے کی بجائے مسائل میں اضافہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں