ایف بی آر نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری شروع کردی

اسلام آباد:فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے آئندہ مالی سال برائے 23-2022 کے بجٹ کی تیاری شروع کردی ہے۔ایف بی آر نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے نے آئندہ مالی سال کے لیے انکم ٹیکس کے حوالے سے تجاویز طلب کرلی ہیں، اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو آئندہ برس کے لیے فنانس بل کے لیے تجاویز مرتب کرنے میں مصروف ہے۔اس لئے ٹیکس پالیسی میں بہتری کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی اجتماعی دانش سے استفادہ کرنے کے لیے تجاویز طلب کی جارہی ہیں۔

ایف بی آر نے درخواست کی ہے کہ ٹیکس نیٹ میں اضافے کے لیے تجاویز 25 فرور ی تک بھجوادی جائیں۔اس سے پہلے ایف بی آر نے ملک کی تمام تاجر تنظیموں کو بھی خط لکھا ہے جس میں تاجر تنظیموں سے کسٹم کے حوالے سے تجاویز طلب کی گئی تھیں۔ایف بی آر نے یہ تجاویز کسٹم ٹیرف کی شرح، اس کے قواعد و طریقہ کار اور کسٹم ایکٹ 1969 میں تبدیلیوں کے سلسلے میں طلب کی ہیں۔

وفاقی ادارے کی جانب سے اپیل کی گئی ہے تاجر تنظیمیں اپنے تجاویز مرتب کرتے ہوئے موجودہ کسٹم ٹیرف اور اس کے قانون کا بغور مطالعہ کرلیں۔ اس کے علاوہ مناسب طرقیے سے ضرورت کے تحت اپنی تجاویز کے ساتھ اعداد و شمار پیش کئے جائیں تاکہ کسی معقول عجہ کے بغیر ان تجاویز کو رد نہ کیا جاسکے۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت آئندہ مالی سال کا بجٹ جون کے پہلے ہفتے میں پیش کرنے کی تیاری کررہی ہے۔وزارت خزانہ نے تمام وزارت اور ڈویژنز کو موجودہ اور آئندہ مالی سال کے اخراجات کے تخمینے 15 مارچ 2022 تک جمع کرادینے کی ہدایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں