انور مجید کی میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کیلئے نیب کو آخری مہلت

اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں مرکزی ملزم خواجہ انور مجید کی میڈیکل رپورٹ پیش نہ کرنے پر نیب پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پیر تک ملزم کی میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کی آخری مہلت دیدی ۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس عامر فاروق ، جسٹس محسن اخترکیانی نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں مرکزی ملزم خواجہ انور مجید کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔جسٹس عامر فاروق نے سماعت کے آغاز پر ہی نیب تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کہاں ہے ملزم کی میڈیکل رپورٹ؟ جس پر نیب کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے باعث فلائٹس بند ہیں اس لیے ممکن نہیں ہو سکا۔جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میڈیکل رپورٹ کا نیب کو کہا تھا ، کراچی سےرپورٹ منگوانی ہے یہاں سے تو کسی کو نہیں جانا، رپورٹ آپ کو ڈاکٹر سے لینی ہے، نیب کوخود تو چیک نہیں کرنا، اب اس میں کیا امر مانع ہے، کیا تفتیشی افسر کو کوئی سوالنامہ دینا ہے؟جسٹس عامرفاروق نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ یہ 31 مارچ کا حکم ہے اور ابھی تک آپ نےاس پرعمل نہیں کیا ہے،کیوں نہ آپ کوہی توہین عدالت کا نوٹس دے دیں۔جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ آپ جیلوں کو دیکھ کر تو آئیں وہاں کیا صورتحال ہے، ویسے بھی گرمی کا موسم ہے جیل میں زیادہ انجوائے کریں گے۔عدالت نے نیب تفتیشی افسر سے کہا کہ آپ آئندہ سماعت پر ٹوتھ برش ساتھ لیکر آئیں ، رپورٹ نہ آئی تو یہیں سےاڈیالہ جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں