بلوچستان، کورونا یا طبی آلات سے متعلق صنعت یا پلانٹ لگانے والوں کو خصوصی مراعات دینے کا فیصلہ

کوئٹہ:۔بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے گزشتہ روز لیڈا کے منیجنگ ڈائریکٹر ولی کاکڑ سے ملاقات کی انہوں نے حب اسپیشل اکنامک زون کی سائٹ اور لسبیلہ انڈسٹریل اسٹیٹ کادورہ بھی کیا، اس موقع پر فرمان زرکون نے کہا کہ جس طرح کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اس سے نمٹنے کیلئے حکومتیں ہر سطح پر اقدامات کر رہی ہیں،حکومت بلوچستان نے بھی وباء سے نمٹنے کیلئے کئی فیصلے کئے ہیں، انہوں نے کہا کہ جو سرمایہ کار کورونا وائرس سے متعلق یاکسی بھی قسم کے طبی آلات کیلئے انڈسٹری یا پلانٹ لگائے گا اسے خصوصی مراعات کے ساتھ ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی،اس سلسلے میں بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ نے خصوصی ڈیسک بھی قائم کر دیا ہے جس کے ذ ریعے سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں تک رسائی سمیت انڈسٹری لگانے کیلئے ہر طرح کی معاونت فراہم کی جائیگی،انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے طبی آلات کیلئے 3 فیصد ریٹ پرقرضہ کی فراہمی کا جو اعلان کیا گیا گیاہے اس میں بھی بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جانب سے سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کو بھرپور معاونت فراہم کی جائیگی،اس موقع پر ایم ڈی لیڈا ولی کاکڑ نے یقین دہانی کرائی کہ اس مقصد کیلئے حب اور لسبیلہ میں ہمارے پاس آئیڈیل لوکیشن اور تمام سہولیات موجود ہیں کراچی کی بہت بڑی مارکیٹ بھی دستیاب ہے لہذا ہم اس منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھائیں گے اورسرمایہ کاروں کو سہولیات بھی فراہم کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں