پاکستان زندہ باد موومنٹ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے

کوئٹہ:پاکستان زندہ باد موومنٹ کے رہنماوں علی گل اچکزئی،سمیع اللہ خان ، ملک عبدالواحد، حکمت ،میر شمس رند نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور 1973ءکے آئین پرعملدرآمد کرنے کیلئے ہرقربانی دینے کیلئے تیار ہیں ،ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم پاک فوج اوردیگر سیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان زندہ بادموومنٹ کے قیام کا مقصد ہر پاکستانی شہری کو مملکت خدائیداد پاکستان کی اہمیت سے آگاہ کرنا ،لوگوں اور خا ص کر نوجوانوں کے دلوں میں ملک سے محبت،اسکی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوںکی حفاظت کا جذبہ پیدا کرنا ہے ،ملک میں نظریہ پاکستان اورملک سے اظہار محبت اور پاکستانیت کا فروغ عام حالات اور ایمرجنسی حالات میں ملکی سلامتی اداروں کے ساتھ ملکر کام کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان زندہ باد موومنٹ نسلی ،مذہبی ،لسانی تعصب کو ختم کرنے اور ملک دشمن عناصر کا ہر محاذ پر مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پوری پاکستانی قوم اپنی پاک افواج اور سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اورکسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں