کوئٹہ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی جانب سے تنخواہوں کی بندش کیخلاف احتجاجی ریلی
کوئٹہ:تنظیمی اتحاد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی جانب سے تنخواہوں کی بندش اور کنٹی جنسی فنڈز کی عدم فراہمی کے خلاف کام چھوڑ ہڑتال کی اور ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی شرکاء مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے پریس کلب کے سامنے احتجاجی جلسے میں تبدیل ہوگئے تنظیمی حضرت خان، لالا منظور، ندیم کھوکھر، مشر حبیب الرحمان بازئی، نصیب اللہ کاکڑ، رحیم لالا، طاہر کاکڑ سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرکے مطالبات تسلیم کروانے کے لئے ہر پر امن راستہ اختیار کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بے حس حکمرانوں کو مزدوروں کی مشکلات سے کوئی سروکار نہیں 14 دن سے مزدوروں کو تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے ان کے گھروں میں فاقہ کشی ہے۔ اکثر مزدوروں کے بچوں کو فیس ادا نہ ہونے پر سکولوں سے نکال دیا گیا جو تبدیلی کے دعویداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تو صورتحال اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ مزدور اپنے گھر والوں کا علاج معالجہ کرانے سے بھی محروم ہوچکے ہیں۔ ہم بھی مزید اپنے بچوں کو بھوکا سوتے ہوئے نہیں دیکھ سکتے ارباب اختیار نے فوری طور پر تنخواہیں ادا کرنے کے لئے عملی بنیادوں پر اقدامات نہ اٹھائے تو قومی شاہراہ پر دھرنا سمیت پر امن احتجاج کے دیگر ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہوں گے۔ شرکاء اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔


