تعلیم کیساتھ کھیل جسم و ذہن کو چست اور ٹیلنٹ کو نکھارتا ہے، وائس چانسلر تربت یونیورسٹی

تربت:یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جان محمد نے کہا ہے کہ تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے بھی جامع منصوبہ بندی کی جاری ہے جس کے تحت ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کو مزید مضبوط کرنے کے علاوہ طلبہ وطالبات کو کھیلوں کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس سال ستمبر میں اگلا سپورٹس گالا شروع ہونے سے قبل فٹ بال گرانڈ کو گراسی کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی کے ملٹی پرپز ہال میں منعقدہ سپورٹس ویک کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ جس طرح طلبا، فیکلٹی ممبران اور سٹاف نے سپورٹس ویک میں بطور یونٹ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اس سے ظاہرہوتاہے کہ یونیورسٹی کا مستقبل تمام شعبوں میں روشن ہے۔ شاندارکھیلوں کی سرگرمیوں کو پیشہ ورانہ انداز میں منعقد کرنیپر وائس چانسلر نے آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین کو مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ اس طرح کی سرگرمیاں جسم اورذہن کو چست اورتندرست رکھنے اور ٹیلنٹ کامظاہرہ کرنے کے لیے بہت ضروری ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ کھیل ہمیں جیت اور ہار دونوں کو مسکراہٹ اور خندہ پیشانی کے ساتھ قبول کرنا کا فن سیکھاتے ہیں۔ اسپورٹس ویک کے کامیاب انعقاد میں وائس چانسلر، رجسٹرار، ڈینز، ڈائریکٹرز، سیکشنل ہیڈز، فیکلٹی ممبران اور طلبا کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈائریکٹرا سپورٹس مظہر گچکی نے کہا کہ گزشتہ سات دنوں کے دوران یونیورسٹی میں متعدد گیمز کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبا، فیکلٹی ممبران اورایڈمن اسٹاف نے بھرپوراندازمیں شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، ڈین فیکلٹی آف آرٹس سوشل سائنسز اینڈ ہیومینیٹیز پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبوربلوچ، ڈین فیکلٹی آف سائنس اینڈ انجینئرنگ ڈاکٹر نعیم اللہ، ڈین فیکلٹی آف اکنامکس کامرس اینڈ بزنس ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر وسیم برکت، ڈین اکیڈمکس ڈاکٹر عدیل احمد، رجسٹرارگنگزار بلوچ، ڈائریکٹر ارق ڈاکٹر غلام جان اورڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر ریاض احمد نے ونرز،رنر اپ اورمنتظمین میں ٹرافیاں اور شیلڈز تقسیم کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں