بچوں سے زیادتی کے مجرم کیلئے سزائے موت تجویز کردی گئی

پشاور:خیبرپختونخواہ میں بچوں سے زیادتی کے مجرم کے لیے سزائے موت تجویز کردی گئی ۔خیبرپختونخوا چائلڈ پروٹیکشن ترمیمی بل کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے ، جس میں بچوں سے زیادتی کے مجرم کے لیے سزائے موت تجویز کی گئی ہے ، زیادتی میں ملوث شخص کو 20 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا جب کہ بچوں کی فحش ویڈیو بنانے پر دس سال قید اور 70 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا ۔ادھر صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں جرم ثابت ہونے پر چائلڈ پروٹیکشن کورٹ پشاور کی طرف سے 7 سالہ بچی سے زیادتی کے ملزم قاری سعید کو سزائے موت کا حکم دیا گیا ، چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کی طرف سے جاری کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل رپورٹ میں ملزم قاری سعید پر بچی سے زیادتی کاالزام ثابت ہوا ، چوں کہ ملزم قاری سعید پر بچی سے زیادتی کا الزام ثابت ہوتا ہے اس لیے سزائےموت دی جاتی ہے ، چائلڈ پروٹیکشن کورٹ پشاور نے ملزم پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ، ملزم قاری سعید نے 2019 میں معصوم بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ایسے ہی ایک اور واقے میں راولپنڈی میں 7 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے مجرم کو 2 مرتبہ سزائے موت کا حکم دیا گیا ، زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی معصوم بچی مجرم کی بھتیجی تھی، راولپنڈی کی عدالت کا مجرم کو 6 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا ، عدالت کے جج مسعود اختر کیانی نے اپنی ہی 7 سالہ معصوم بھتیجی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ظالم شخص کو ناصرف دو مرتبہ سزائے موت دینے بلکہ 06 لاکھ روپے جرمانہ کی بھی سزا سنا دی ، ولی اللہ نامی مجرم نے اپنی بھتیجی 7 سالہ ننھی پری سدرہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد پکڑے جانے کے ڈر سے قتل بھی کر دیا تھا ۔یہ واقعہ سوا ایک سال پہلے پیش آیا تھا ، واقعہ کا مقدمہ 22 نومبر 2019 کو بچی کے والد کی مدعیت میں تھانہ ائرپورٹ راولپنڈی میں درج کیا گیا تھا ، مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے بہترین انداز میں تمام واقعے کی تفتیش کی اور جائے وقوعہ سے ٹھوس شواہد حاصل کر کے مجرم کی گرفتاری عمل میں لائی جب کہ بعدازاں ملزم نے دوران اپنے سفاکانہ جرم کا اعتراف بھی کر لیا، پولیس نے ملزم کیخلاف ٹھوس شواہد پر مبنی چالان عدالت میں جمع کروایا ، تفتیشی ٹیم کی جانب سے مقدمہ بہتر انداز میں ہینڈل کیے جانے کے باعث عدالت نے مجرم کو سزائے موت و جرمانہ کی سزا سنا دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں