کوئٹہ، پوسٹ گریجویٹ کالج میں ”مہر گڑھ کتاب کاروان“ کے نام سے کتب میلہ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ شال زون کی جانب سے مہر گڑھ کتاب کاروان کے نام سے ایک روزہ بک اسٹال پوسٹ گریجویٹ کالج کوئٹہ میں منعقد کیا گیا۔ جس میں بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ کے سینئر ممبر اسداللہ قمبرانی نے بْک اسٹال میں شرکت کر کے پوسٹ گریجویٹ کالج کے پرنسپل محمد حسین کو کتاب پیش کرکے خراجِ تحسین پیش کیا۔ ایک روزہ بْک اسٹال میں بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ کے سینئر رہنماء حسن خان ساجدی، پوسٹ گریجویٹ کالج کے پرنسپل محمد حسین،سینئر صحافی عابد میر، معزز اساتذہ اور طلباء سمیت مختلف طبقہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔ بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ شال زون کی جانب سے بک اسٹال منعقد کرنے کا مقصد طلباء میں کتب بینی کو فروغ دینا ہے تاکہ اس جدید دور میں طلباء کتب بینی اور علم کی افادیت سے محروم نہ رہیں۔ کیونکہ آج کے اس تکنیکی دور میں طلباء بہت کم اپنی توجہ کتاب کی طرف ماخوذ کرپاتے ہیں۔ ہمارے اس جدوجہد کا مقصد طلباء کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرکے تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔ بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ شال زون کی جانب سے منعقد کردہ بک اسٹال مہر گڑھ کتاب کاروان میں کثیر تعداد میں طلباء نے شرکت کرکے ہمارے اس اقدام کو سراہا اور کالج کے معزز اساتذہ نے حوصلہ افزائی کرکے ہمیں ہمت و حوصلہ بخشا۔ بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ شال زون کی جانب سے ایک روزہ بک اسٹال کامیابی کے ساتھ ختم ہوا۔


