ہزار موٹرسائیکلیں چھین کر بلوچستان میں فروخت کرنے والا گینگ گرفتار

کراچی (انتخاب نیوز) دو تھانوں کی پولیس نے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر بین الصوبائی موٹرسائیکل لفٹر گینگ کے مزید 3ملزمان کو گرفتار کرکے 3 پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی، پولیس کے مطابق ملزمان کراچی سے ایک ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں چھین کر بلوچستان کے ضلع تربت لیجا کر فروخت کرچکے ہیں، حیدری مارکیٹ اور عزیز آباد پولیس نے قاسم، حفیظ بلوچ اور ایاز تک پہلے سے گرفتار ملزم شہباز کے ذریعے رسائی حاصل کی جو گزشتہ ماہ پکڑا گیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ گینگ کا رکن قاسم پولیس ہیڈ کانسٹیبل کے قتل میں بھی ملوث ہے جسے انسداد دہشت گردی کی عدالت مجرم قرار دے چکی ہے، ملزمان نے گزشتہ ماہ ضلع وسطی میں حساس ادارے کے ذیشان نامی اہلکار سے بھی موٹر سائیکل چھینی تھی، ملزمان کو مذکورہ اہلکار سمیت 3 متاثرہ شہری شناخت کرچکے ہیں، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کیلیے اے وی ایل سی کے حوالے کردیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں