اسپتال کی آڑ میں قائم عقوبت خانے سے 7 افراد بازیاب، 2 بھائی گرفتار

میرپورخاص (انتخاب نیوز) میرپورخاص میں اسپتال کی آڑ میں بنائے گئے عقوبت خانے پر چھاپہ، دو بھائی گرفتار، نجی لاک اپ سے 7 افراد کو بازیاب کراکے اسپتال منتقل کردیا گیا، ضلعی انتظامیہ اور ہیلتھ کیئر کمیشن نے اسپتال کی آڑ میں بنایا گیا نجی جیل خانہ سیل کردیا۔ میرپورخاص انتظامیہ اور سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن ٹیم نے غریب آباد پولیس کے ہمراہ پاک کالونی میں اسپتال کی آڑ میں قائم عقوبت خانے پر چھاپہ مار کر لاک اپ میں موجود 7 افراد کو بازیاب کراتے ہوئے مبینہ اسپتال کے مالکان بھائیوں دانش اور اویس کو گرفتار کرکے نجی جیل خانہ سربمہر کردیا، بتایا گیا ہے کہ مذکورہ دونوں بھائی نشے کے عادی افراد کے ورثاء سے فی مریض بیس ہزار روپے ماہانہ وصول کرتے تھے، ذرائع کے مطابق دونوں گرفتار بھائیوں کا میڈیکل فیلڈ سے دور دور تک کوئی واسطہ نہ ہونے کے باوجود علاج کے نام پر لوگوں کو قید کررکھا تھا، گرفتار بھائیوں نے اسسٹنٹ کمشنر یونس رند کے ہمراہ چھاپہ مارنے والی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عمر کاکا کو بتایا کہ حیدرآباد سے ہفتے میں ایک بار منگریو نامی ڈاکٹر آکر مریضوں کو چیک کرتے ہیں، اے سی میرپورخاص نے کہا کہ مبینہ اسپتال کی قانونی حیثیت ودیگر معاملات کو چیک کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں