عمران خان نے تسلیم کیا کہ ان کی تیاری خونی مارچ کی تھی، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان نے خود تسلیم کرلیا کہ وہ تیاری کر کے نہیں آئے تھے، عمران خان کی ساری تیاری صرف اسلحہ اور ڈنڈے جمع کرنے پر تھی، ان کی تیاری خونی مارچ کی تھی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے حیران کن اور پریشان کن انکشافات کیے، عمران خان کے جھوٹے بیانیے پر ان کے ورکرز گمراہ ہیں، عمران خان نے اپنی شکست تسلیم کرلی ہے، وہ شکست تسلیم کرکے واپس چلے گئے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے خونی انقلاب کا اعلان کیا تھا، عمران خان 35 ہزار لوگ بھی اکٹھا نہ کر سکے، خیبر پختونخوا حکومت نے 35، 35 لاکھ روپے لانگ مارچ کے وسائل کے لیے دیے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ججوں کی تحریک کے لیے نواز شریف اسلحہ لے کر نہیں نکلے تھے، عمران خان کی نیت غنڈہ گردی اور بدمعاشی کی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ جس نے آپ کو پریس کانفرنس کا مشورہ دیا اس نے بڑی زیادتی کی، پریس کانفرنس کا مشورہ دینے والے شخص نے عمران خان کو اچھا مشورہ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد تو آپ آچکے تھے، آپ ایف 8 تک تو آچکے تھے، بتائیں راستے میں کس نے روکا، اسلام آباد پہنچنے پر عمران خان کی گاڑیوں کی تعداد 15، 20 پر آگئی تھی، عمران خان بتائیں کہ کس رکاوٹ نے انہیں روکا، عمران خان کو ایسی حالت میں گولیاں کھا کر سو جانا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں