شہر قائد میں پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، 3 زخمی گرفتار، مزاحمت پر 5 شہری لہولہان

کراچی (انتخاب نیوز) گلشن اقبال میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک، ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیاگیا، مقابلے کے دوران گزرنے والا رکشہ ڈرائیور بھی زخمی ہوگیا، شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر چار افراد کو گولیاں مار دی گئیں، بلدیہ ٹائون میں شہری کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ڈاکو پکڑا گیا۔نیپا چورنگی پل کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کارسوار عدنان نامی شخص سے لوٹ مار کررہے تھے کہ اس دوران پولیس پہنچ گئی، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں محمد لطیف نامی ملزم مارا گیا جبکہ اسکے زخمی ساتھی راجو ولد قادر بخش کو گرفتار کرلیا گیا، مقابلے کے دوران گزرنے والا رکشہ ڈرائیور جگن ولد صلاح الدین بھی زخمی ہوا۔ابراہیم حیدری ریڑھی روڈ جمعہ گوٹھ پلیہ کے قریب پولیس نے مقابلے کے دوران غلام قادر کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ، رقم اورزمان ٹائون سے چرائی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی جبکہ اس کا ساتھی عبدالمالک بنگالی موقع سے فرارہوگیا۔ملیر الفلاح سوسائٹی جامع ملیہ کالج کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے عابدحسین ولد ارشاد حسین ،پاپوش نگر کے علاقے ناظم آباد5 نمبرزکریا مسجدکے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے سمیع اللہ ولدبخت بلند، گڈاپ سٹی سپر ہائی وے سن رائس فارم ہاؤس کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سےکاشان ولد عبدالکریم ، شیرشاہ کے علاقے اردو بازار محمدی امام بارگاہ کے قریب دودھ کی دکان میں ڈکیتی مزاحمت پر مہران ولد رمضان کو فائرنگ کا نشانہ بنادیا گیا۔ بلدیہ اتحاد ٹاؤن خیبر چوک کے قریب سیمنٹ ڈپو سے ڈھائی لاکھ روپے لوٹنے کے دوران شہری کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ملزم نذر محمد ولد حمید گل کو پولیس نے رقم اور اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا جبکہ اس کے تین ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں