افغانستان،10 طالبان ہلاک،6زخمی،اسلحہ اور گولہ بارود برآمد


لشکرگاہ:افغان سیکورٹی فورسز کے ملک کے جنوبی صوبے ہلمند میں دہشتگرد عناصر کیخلاف ایک وسیع آپریشن کے دوران 10 طالبان عسکریت پسند ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ بات مقامی پولیس نے بدھ کے روز بتائی۔صوبائی پولیس کے ترجمان محمد زمان ہمدرد نے شِنہوا کو بتایا کہ فوج اور پولیس کی جانب سے مشترکہ آپریشن کا آغاز منگل کے روز رات گئے کیا گیا اور کارروائی کے دوران ایک زبردست لڑائی اس وقت ہوئی جب سیکیورٹی فورسز نے ضلع ناد علی کے علاقہ لویامندا میں طالبان عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر دھاوا بول دیا جس میں 10 باغی ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ عسکریت پسندوں سے ایک ”ایم16 بندوق”، دو ”اے کے 47 رائفلیں ” اور ایک ”پی کے مشین گن” سمیت کچھ مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔مشترکہ سیکورٹی فورسز نے صفائی کے دوران 20 بارودی سرنگوں کو بھی ناکارہ بنایا اور عسکریت پسندوں کی 38 عسکری تنصیبات کو تباہ کر دیا۔ اس دوران کوئی سیکورٹی اہلکار زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔عسکریت پسند گروپ نے ابھی تک اس رپورٹ پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔