لیبیا میں فوجی اڈے پر حملہ 40افرادہلاک

طر ابلس:لیبیا کی قومی فوج نے ایک اعلان میں بتایاہے کہ اس نے الوطیہ کے فوجی اڈے پر وفاق حکومت کی ملیشیاؤں کا حملہ ناکام بنا دیا۔لیبیا کی فوج کے زیر انتظام میڈیا کے مطابق دارالحکومت طرابلس کے مغرب میں واقع الوطیہ فوجی اڈے پر اس حملے میں وفاق کی ملیشیاؤں کو ترکی کی فضائی معاونت بھی حاصل تھی۔لیبیا کی فوج کے مسلح یونٹوں نے حملے کی کوششوں کو پسپا کر دیا۔ اس دوران وفاق کی ملیشیاؤں کے 40 ارکان ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ ان کے علاوہ متعدد عناصر کو قیدی بنا لیا گیا۔واضح رہے کہ لیبیا کی مسلح افواج کی جنرل کمان نے فیس بک پر اپنے پیج پر ایہ اعلان کیا تھا کہ مذکورہ حملے کو ناکام بنانے کے دوران متعدد فوجی اہل کار بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔یاد رہے کہ الوطیہ کے فوجی اڈے کو انتہائی اہمیت حاصل ہے۔ الوطیہ کے فوجی اڈے کا سابقہ نام عقبہ بن نافع فوجی اڈہ تھا۔ یہ العجیلات کے جنوب میں واقع ہے اور انتظامی طور پر لیبیا کے مغربی علاقے الجمیل کے تحت آتا ہے۔ اس کے ذریعے نہ صرف طرابلس بلکہ لیبیا بھر میں عسکری اہداف کے خلاف فضائی کارروائیاں کی جا سکتی ہیں۔الوطیہ کا فوجی اڈہ 7 ہزار فوجی اہل کاروں کی گنجائش رکھتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں