بغاوت کے مقدمات درج کرانے والوں کو بھی عدالت میں بلایا جائے، مراد سعید
اسلام آباد (انتخاب نیوز) تحریک انصاف کے رہنماء مراد سعید عدالت میں دوران سماعت جذباتی ہوگئے اور بغاوت کے مقدمات درج کرانے والوں کو بھی عدالت بلانے کی استدعا کردی۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں تحریک انصاف کے رہنماؤں مراد سعید، شیخ رشید،پرویز خٹک کیخلاف مقدمات کی سماعت ہوئی۔پی ٹی آئی رہنما عدالت میں پیش ہوئے، مراد سعید مقدمے کی سماعت کے دوران جذباتی ہو گئے اور اپنی نشست سے کھڑے ہو کر معزز جج سے مکالمے میں بغاوت کے مقدمات درج کرانے والوں کو بھی عدالت بلانے کی استدعا کردی۔مرادسعید نے سوال کیا کہ کیا بغاوت کے پرچے درج کرانیوالے زیادہ محبت وطن ہیں؟ ایک بیرونی طاقت کے ذریعے ملک کیخلاف سازش ہوئی، بحیثیت پاکستانی شرم آئی کہ ایک گورا ہمیں بتائیگاہم نے کیا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ معاملے کو کابینہ سمیت اعلی ترین عدلیہ کے سامنے اٹھایا گیا، ہر فورم کا دروازہ کھٹکھٹایا لیکن شنوائی نہیں ہوئی، آئینی قانونی حق استعمال کرتے ہوئے احتجاج کا راستہ اختیار کیا۔انہوں نے کہا کہ احتجاج سے پہلے پاکستان بنانے والوں کے گھروں پر دھاوا بولا گیا، علامہ اقبال کے گھر گھس کر ان کے خاندان کو ہراساں کیا گیا، مظاہرین پرربڑ بلٹس، بچے،خواتین پر آنسو گیس کے شیل فائر ہوئے۔مراد سعید نے کہا کہ آپ ان لوگوں کو بھی بلائیں جو اس سازش کا حصہ بنے، سوال یہ ہے بغاوت ہم نے کی یا رجیم چینج آپریشن کرنیوالوں نے؟ غدار وہ ہے جو سازش کا حصہ بنے یا ہم جو اس کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں؟ غدار وہ ہے جوامریکاکے سامنے لیٹے یا وہ جس نے ابسولوٹلی ناٹ کہا؟ غدار وہ ہے جورجیم چینج کررہے ہیں یاوہ جوملکی خود مختاری،آزاد خارجہ پالیسی کی بات کرتے ہیں؟۔سابق وزیر نے کہا کہ یہ میرا گھر ہے میں اس کا مالک ہوں کرایہ دار نہیں، جو بھی یہ فتوی بانٹ رہے انکو یہاں بلائیں انکو جیل میں ڈالیں، ہم نے اپنا آئینی اور قانونی حق استعمال کرتے رہنا ہے۔


