گورنمنٹ ہائی اسکول پروم کے ہیڈ کو بحال کیا جائے، اہل علاقہ کا مطالبہ
پنجگور (انتخاب نیوز) اہالیان پروم کا گورنمنٹ ہائی اسکول پروم کے ہیڈ ماسٹر الطاف منیر کو ان کے عہدہ سے ہٹانے کیخلاف تحصیلدار پروم کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا۔ الطاف منیر کی دوبارہ تعیناتی تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان۔ گزشتہ دنوں محکمہ تعلیم کی جانب سے ہائی اسکول پروم کے ہیڈ ماسٹر الطاف منیر کو اْن کے عہدہ سے ہٹانے پر اہالیان پروم نے شدید دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الطاف منیر ایک نوجوان اور جدوجہد کرنے والے استاد ہیں، انہوں نے اپنی تعیناتی کے مختصر دورانیے کے دوران پروم جیسے ایک پسماندہ علاسے میں تعلیم کا ایک بہترین ماحول پیدا کرکے عوام کے دل جیت لئے، اگر آج پروم ہائی اسکول کاموازنہ ضلع بھر کے اسکولوں سے کیاجائے تو ہائی اسکول پروم اس وقت پنجگور کے بہترین اسکولوں میں شمار ہوگا۔ الطاف منیر کو اْن کے عہدے سے ہٹانا اصل میں پروم کوتعلیمی پسماندگی کی جانب دھکیلنا ہے، تعلیم دشمن عناصر کی اس خواہش کوکبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔ احتجاجی مظاہرے میں پروم کے نوجوانوں، طلباء، بزرگ اور علاقائی معتبرین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈز تھے جن پر الطاف منیر کی عہدہ سے ہٹانے کیخلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے کہا کہ ہم پرامن اور تعلیم دوست لوگ ہیں اور کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہماری تعلیم پر قدغن لگائے اور ہمارے بچوں کو تعلیم کی زیور سے محروم رکھے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف منیر کی عہدہ پر بحالی تک ہمارا یہ احتجاج جاری رہے گا۔


