روس کا خارکیف میں 200 یوکرینی، 50 غیر ملکی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ

ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک) روس کی وزارت دفاع نے شمال مشرقی یوکرین میں واقع خارکیف میں یوکرین کے دو سو قوم پرستوں کی ہلاکت کی خبر دی ہے۔رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ روسی فوج نے خارکیف میں یوکرین کے دو سو قوم پرست نازی فوجیوں اور پچاس غیر ملکی فوجیوں کو ہلاک کیا ہے۔روس کی وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی بحریہ نے شہر وینیتسا میں یوکرینی فوجی چھاؤنی کو اپنے میزائل حملے کا نشانہ بنایا جہاں یوکرینی فوجی افسروں کی فوجی کمانڈروں کے ساتھ میٹنگ ہوئی تھی۔امریکا اور نیٹو کے اشتعال انگیز اقدامات میں شدت آنے کے بعد روسی صدر ولادیمیر پوتین نے گزشتہ اکیس فروری کو دونباس کے علاقے دونیسک اور لوہانسک کی خود مختاری کو سرکاری طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کردیا۔ روس نے اس کے تین دن بعد یعنی چوبیس فروری کو یوکرین کے خلاف فوجی آپریشن کا آغاز کردیا۔ جبکہ یہ جنگ اب پانچویں مہینے میں چل رہی ہے۔ واضح رہے کہ یوکرین کی جنگ شروع ہونے کے بعد مغربی ملکوں نے اس جنگ میں براہ راست طور پر شمولیت سے تو گریز کیا تاہم وہ یوکرین کو مختلف قسم کے ہتھیار ارسال کرتے آئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں