چوہدری برادران کی نیب کے خلاف اپیل پر سماعت کیلئے نیا بینچ تشکیل

لاہور :لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی (چوہدری برادران) کی قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین کے اختیارات اور اپنے خلاف انکوائریز پر دائر درخواستوں پر سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دے دیا۔خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ میں جسٹس فاروق حیدر کی موجودگی پر اعتراض کیا تھا۔بعد ازاں بینچ کے رکن جسٹس فاروق حیدر نے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی تھی، جس کے بعد نئے بینچ کی تشکیل کے لیے معاملہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے پاس گیا تھا۔بعد ازاں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے چوہدری برادران کے کیسز کی سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دے دیا۔اس دو رکنی بینچ میں جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس اسجد گھرال شامل ہوں گے۔خیال رہے کہ 7 مئی کو کیس کی پہلی سماعت میں لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر طاہر نصراللہ وڑائچ نے چوہدری برادران کا کیس سنے والے بینچ پر اعتراض اٹھایا تھا اور کہا تھا کہ جسٹس فاروق حیدر چوہدری برادران کے کیسز کی پیروی کرتے رہے ہیں لہٰذا یہ بینچ چوہدری برادران کا کیس نہ سنے۔جس پر بینچ کے دوسرے رکن جسٹس سردار احمد نعیم نے کہا تھا کہ انہوں نے کیس کی فائل ابھی پڑھی نہیں ہے بہتر ہے اس کیس کو 11 مئی کے لیے رکھ لیا جائے، جس کے بعد سماعت ملتوی کردی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں