پٹرولیم کی عالمی منڈیوں کے استحکام کو یقینی بنایا جائے گا، سعودی کابینہ

ریاض:سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے وڈیو رابطے کے ذریعے کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی۔ شاہ سلمان نے کابینہ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت کے بارے میں آگاہ کیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انھوں نے بتایا کہ امریکی صدر سے گفتگو میں دونوں دوست ممالک کے درمیان تاریخی اور تزویراتی نوعیت کے تعلقات کی اہمیت کو باور کرایا گیا۔ اس کے علاوہ خطے کے امن و استحکام کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا۔سعودی کابینہ کے اجلاس میں کرونا کی وبا پر کنٹرول کے لیے مقامی اور بین الاقوامی سطحوں پر جاری کوششوں، مملکت میں کرونا کی صورت حال اور شہریوں اور مقیمین کے لیے پیش کی جانے والی طبی خدمات کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر کابینہ نے کرونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے مملکت میں ریاستی اداروں اور متعلقہ کمیٹیوں اور ورکنگ گروپس کی انتھک کوششوں کو گراں قدر قرار دیا۔ ساتھ ہی اس بات پر زور دیا گیا کہ مملکت کے شہریوں اور یہاں مقیم غیر ملکیوں پر لازم ہے کہ وہ کرونا کے پھیلا کو روکنے کے سلسلے میں احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر پر عمل درامد کو یقینی بنائیں۔سعودی وزیر اطلاعات ماجد القصبی نے بیان میں کہا کہ کابینہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ سعودی عرب عالمی پٹرولیم مارکیٹ کے استحکام کے لیے اپنی کوشش جاری رکھے گا۔کابینہ کے مطابق سعودی عرب کے منصوبوں کا مقصد اوپیک پلس گروپ میں شریک ممالک اور تیل پیدا کرنے والے دیگر ملکوں پر زور دینا ہے کہ وہ تیل کی پیداوار میں مقررہ کمی کے تناسب کی پاسداری کریں اور پیداوار میں مزید کمی کی تجاویز پیش کریں تا کہ پٹرولیم کی عالمی منڈیوں میں مطلوبہ توازن کو دوبارہ لایا جا سکے۔سعودی کابینہ کے مطابق خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کی ہدایات پر مملکت 2 جون کو یمن ڈونرز کانفرنس 2020 کا انعقاد کرے گی۔ کانفرنس میں امریکا بھی شرکت کرے گا۔ یہ کانفرنس سعودی عرب کی جانب سے یمن کے برادر عوام کے مصائب کم کرنے کے سلسلے میں جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ سعودی عرب تاریخی طور پر یمن کے لیے سب سے بڑا عطیہ کنندہ ملک رہا ہے۔ بالخصوص گذشتہ پانچ برسوں میں مملکت نے یمنی پناہ گزینوں کو بڑے پیمانے پر انسانی امداد پیش کی۔ اس کے علاوہ یمن میں تعمیر نو میں بھرپور طریقے سے حصہ لیا گیا اور یمن کے مرکزی بینک کو ہر ممکن امداد فراہم کی گئی۔سعودی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تازہ ترین حالات و واقعات کا جائزہ لیا۔ مملکت نے عراق میں نئی حکومت کی تشکیل کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ وہ نئی عراقی حکومت کے ساتھ تعاون، متبادل احترام، تاریخی روابط اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر کام کرنے کے لیے تیار ہے،، تا کہ دونوں ملکوں اور عوام کے تعلقات بہتر بنائے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں