پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کیخلاف امریکا کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے، نواب ثناءاللہ
خضدار (انتخاب نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چیف آف جھالاوان سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ خان زہری نے امریکی صدر جو بائیڈن کی غیر ذمہ دارانہ بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ملک ہے پاکستان نے ہمیشہ ایٹمی پھیلاﺅ کے عالمی معاہدوں کی پاسداری کی ہے، پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں، ان کیخلاف غیر ذمہ دارانہ بیان اور پروپیگنڈہ کو مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان نے بھارتی جارحیت کو روکنے، خطے میں فوجی طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے اور اپنے دفاع کے لیے ایٹمی صلاحیت حاصل کی ہے اور اس کی حفاظت بھی کرے گا۔ چیف آف جھالاوان نواب ثناءاللہ خان زہری نے کہا کہ پاکستانی قوم غیرت مند اور باوقار قوم ہے، اپنی جوہری صلاحیت کے متعلق کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات ہماری قومی خود مختاری کے منافی ہے۔ چیف آف جھالاوان نواب ثناءاللہ خان زہری نے گزشتہ روز کے ضمنی انتخابات میں پارٹی کی شاندار کامیابی پر پارٹی کے مرکزی قیادت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور کارکنان ضمنی الیکشن میں کامیاب ہونے والے پارٹی کے سینئر رہنماءسید علی گیلانی عبدالحکیم بلوچ کو مبارکباد دی۔


