بیلجیئم میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں نے 9 ہزار کا ہندسہ عبورکر لیا، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی 47 نئی ہلاکتوں کے ساتھ اس وائرس سے ہلاک شدگان کی تعداد 9052 ہوگئی ہے۔بیلجئین فیڈرل ہیلتھ منسٹری کے مطابق ان ہلاک شدگان میں سے 48 فیصد اسپتالوں جبکہ 51 فیصد نے کئیر سینٹر ز میں وفات پائی اور باقی 6 فیصد گھروں یا دیگر جگہوں پر ہلاک ہوئے۔ فیڈرل ہیلتھ منسٹری کے مطابق اسپتالوں میں تمام اموات کورونا سے ہی ہوئیں، جبکہ کئیر سینٹرز میں اموات کا 23 فیصد باقاعدہ ٹیسٹنگ کے ذریعے کنفرم اور 77 فیصد اموات کے بارے میں شواہد بتاتے ہیں کہ وہ بھی اسی مرض کے باعث وقوع پزیر ہوئیں۔دوسری جانب بیلجیئم میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے مصدقہ مریضوں کی تعداد بھی 55 ہزار 280 تک جا پہنچی ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران 291 نئے کورونا پازیٹو بھی سامنے آئے ہیں۔علاوہ ازیں بیلجیئم میں پیر کے روز سے لاک ڈاؤن اٹھانے کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو رہا ہے جس میں ہئیر ڈریسرز سمیت تمام دوکانیں اور کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی، لیکن اس کے ساتھ ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا لازمی ہوگا۔