یونیورسٹی آف گوادرکے پہلے یوم تاسیس کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

گوادر (انتخاب نیوز)یونیورسٹی آف گوادر کی پہلی یوم تاسیس گزشتہ دنوں نہایت اہتمام سے منائی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے جامعہ کے رجسٹرار، ڈین فیکلٹی ، تدریسی شعبوں کے سربراہان اور انتظامی عملے کے ساتھ مل کر منایا۔ اس موقع پر کیک کاٹا گیا اور ادارے کے مستقبل میں کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔یونیورسٹی اف گوادر کی پہلی یوم تاسیس (سائنٹیفک ڈے) کے موقع پر یونیورسٹی کی لائبریری میں ایک پووقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر ، ر جسٹرار دولت خان، فیکلٹی ڈین ، تدریسی شعبوں کے سربراہان، اساتذہ کرام اور ایڈمن اسٹاف نے شرکت کی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے اساتذہ انتظامیہ اور طلبا کو ایک سال کامیابی سے مکمل ہونے اور ایک سال کے دوران مختلف کارناموں اور کامیابیوں پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم گوادر یونیورسٹی کو صوبائی اور ملکی سطح کے علاوہ دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں سے ایک بنانے کے لیے پرعزم ہیں، انہوں نے گوادر یونیورسٹی کی ترقی میں تعاون پر وزیراعظم جناب میان شہباز شریف، وفاقی وزیر پلاننگ جناب احسن اقبال، گورنر بلوچستان، وزیر اعلی بلوچستان ،صوبائی سیکرٹری تعلیم، ایچ ای سی، منتخب نمائندوں اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ بھی ادا کیا۔انہون نے کہا کہ ہم نے ان کے بھرپور تعاون سے ایک سال قبل اسی دن گوادرکے لوگوں کے بہتر تعلیمی مستقبل کے لیے اس ادارے کی بنیاد رکھی گئی تھی اور آج یہ یونیورسٹی ملک کے اس حصے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے بھر پور انداز میں کوشاں ہے۔ وائس چانسلر نے اس بات پر زور دیا کہ گوادر کے عوام اپنی دہلیز پر اعلیٰ تعلیم کے مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھائیں اور گوادر کی ترقی میں اپنا کردار کریں – انہوں نے کہا کہ اس ادارے سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا اور طالبات گوادر کے ساتھ ساتھ صوبہ اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے- اس موقع پر رجسٹرار اور دیگر شرکا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور آخر میں ایک کیک کاٹا گیا اور ادارے کی ترقی کے لیے دعا کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں