پاکستانی سیاسی جماعتوں کے سربراہ کارکنوں کو ذاتی غلام سمجھتے ہیں،مولانا شیرانی

کوئٹہ (آئی این پی) جے یو آئی پاکستان کے مرکزی قائد مولانا محمد خان شیرانی نے کہاہے کہ سیاسی لیڈرز پارٹی کارکنوں کو بھیڑ بکریوں کا ریوڑ اور اپنا مملوک اور غلام سمجھتے ہیں حالآنکہ پارٹیوں کی رکنیت کارکنوں کی ضرورت نہیں بلکہ سیاست کو تجارت سمجھنے والے لیڈروں کو ضرورت کارکنوں کی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے رابطہ مرکز میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سیاست انبیا کرام کی سنت ہے انبیا کرام کی سیاست قوم کی درست رہنمائی اور قیادت کا فریضہ ادا کرنے سے عبارت ہے خیانت موروثیت اور مال و منصب کی بھوک کی سیاست غیر اسلامی سیاست ہے انہوں نے کہا کہ جب ملک میں جمہوریت اس لئے مطلوب ہے کہ جمہوریت کے ذریعے ملک کے حکومتی نظم اور پالیسیوں میں عوام کے امنگوں کی ترجمانی ہوجاتی ہے تو سیاسی جماعتوں کا اندرونی نظم مشاورت اور اجتماعیت کے بجائے خیانت اور موروثیت کے ذریعے چلانے کی منطق ناقابل فہم ہے انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکنوں کو اپنی وابستگی فکر نصب العین اور مقاصد کے ساتھ رکھنی چاہیے مسلط شخصیات کے ذاتی غلام نہ بنیں اسلام کے تعلیمات انسان سے سب سے پہلے حریت فکر کا تقاضا کرتے ہیں فکر کے میدان میں جبر کرنے اور جبر قبول کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے انہوں نے کہا کہ جے یو آئی پاکستان انسانیت کے فروغ، منافقت کے خاتمے، جبر کے سد باب، ظلم سے پاک معاشرے کے قیام، جنگ اور تشدد سے اجتناب، مسائل کی افہام و تفہیم اور مذاکرے کے ذریعے حل اور خود غرضی کی ذہنیت کو خیر خواہی میں تبدیل کرنے سات نکاتی منشور پر تمام سیاسی کارکنوں کو رفاقت اختیار کرنے اور سیاسی جماعتوں کو اتحاد کی دعوت دیتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں