چند عناصر ملک دشمنوں کی خوشنودی کیلئے فوج کیخلاف پروپیگنڈا کررہے ہیں، حق دو تحریک

کوئٹہ (انتخاب نیوز) حق دو تحریک کے زیر اہتمام فوج کے حق میں ایک ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت چیئرمین بشیر خان باکسر کررہے تھے، ریلی کے شرکاءنے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر دشمنوں کی جانب سے فوج کیخلاف منفی پروپیگنڈا کی مذمت کی گئی۔ ریلی کے شرکاءمختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے پریس کلب پہنچے۔ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حق دو تحریک کوئٹہ کے چیئرمین بشیر خان باکسر نے کہا کہ ملک دشمن اپنے بیرونی آقاﺅں کی خوشنودی کیلئے فوج کیخلاف پروپیگنڈا کررہے ہیں، جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔ فوج کے جوان سرحدوں پر سردی، گرمی اپنی ڈیوٹی دیکر وطن عزیر کی حفاظت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور خود مختاری کیلئے قوم متحد اور منظم ہے اور اس طرح کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ عوام ملک دشمن عناصر کو پہچان لیں جو فوج کے ادارے کو متنازعہ بنا کر ملک دشمنوں کو خوش کرنا چاہتے ہیں، ان کی سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں