الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے، حکومت سے زیادہ پیچھے بیٹھے لوگوں کا راضی ہونا ضروری ہے، عمران خان
لاہور (انتخاب نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے، حکومت سے زیادہ پیچھے بیٹھے لوگوں کا الیکشن کے لیے راضی ہونا ضروری ہے۔ لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹیکنوکریٹ حکومت لانے کا شوشہ چھوڑا جا رہا ہے، اس وقت اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں، آئندہ عام انتخابات میں پولیٹیکل انجینئرنگ کی گئی تو نتائج اچھے نہیں ہوں گے، مشرقی پاکستان میں سب سے بڑی جماعت کا مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا گیا تھا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ابھی مجھے الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے، پی ڈی ایم صرف ڈرائنگ روم کی جماعت بن کر رہ گئی ہے، جنرل (ر) باجوہ نے اس ملک پر بڑا ظلم کیا،ہم ڈیفالٹ کے قریب کھڑے ہیں، جنرل (ر) باجوہ سے ہماری حکومت کے اچھے ورکنگ ریلیشن رہے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنرل (ر) باجوہ کے نزدیک سیاست دانوں کی کرپشن بے معنی تھی، نیب قوانین میں ترمیم کرکے 11سو ارب روپے کی کرپشن کے کیسز ختم کیے گئے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے مفادات بیرون ملک ہیں، دونوں خاندانوں کے مفادات پاکستان سے نہیں تو ان سے میثاق معیشت کیسے کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت میں 5 فیصد ڈیفالٹ کا خطرہ تھا جو اب 90 فیصد ہوچکا ہے،ملک پر قبضہ گروپ کا راج اور جنگل کا قانون ہے، قانون کی حکمرانی قائم کیے بغیر پاکستان کے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔


