عدلیہ مکمل طو رپر وینٹی لیٹر پر،انصاف کے دروازے بند ہو چکے ہیں‘ اعظم سواتی
لاہور (انتخاب نیوز) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سینیٹر اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ عدلیہ مکمل طو رپر وینٹی لیٹر پر ہے اور انصاف کے دروازے بند ہو چکے ہیں،جب عدالتیں ایجنسیوں کے تابع ہو جائیں تو سمجھ جائیں ملک کے اندر انارکی، لا قانونیت اور ظلم ہے، اپنی افواج سے دل سے محبت کرتے ہیں لیکن کوئی بھی ادارہ آئین و قانون سے بالا تر نہیں ہے۔ انصاف لائرز فورم کی دعوت پر لاہور بار ایسوسی ایشن آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ آج وکلاء کے اتحاد کی جس قدر ضرورت ہے اس سے پہلے پاکستان میں یہ کبھی نہیں تھی،عدلیہ مکمل طو رپر وینٹی لیٹر پر ہے اور انصاف کے دروازے بند ہو چکے ہیں،ارشد شریف کے ورثاء کو انصاف نہیں مل رہا،انہیں ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا گیاہے،آج بھی ایک صحافی کو اٹھا لیاگیا ہے۔۔ عمران خان پر سازش کر کے قاتلانہ حملہ کیا گیا،عمران خان کا بنیادی حق ہے وہ جن لوگوں کا کہتا ہے ان پر ایف آئی آر کاٹی جانی چاہیے، پاکستان کا آئین ہمیں بنیادی حقوق کا تحفظ دیتا ہے،بد قسمتی سے جب عدالتیں ایجنسیوں کے تابع ہو جائیں توسمجھ جائیں ملک کے اندر انارکی ہے، لا قانونیت ہے، ظلم ہے۔ ہم اپنی افواج سے دل سے محبت کرتے ہیں لیکن کوئی ادارہ آئین وقانون سے بالا تر نہیں۔ آج ضرورت اس بات کی ہے قانون کی پاسداری کرنے کے لئے وکلاء،عدلیہ اور ہماری بہادر افواج اور خاص طور پر نئی قیادت اس ملک کی معیشت،معاشرے اور اخلاقیات کو بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے،جس شخص نے بھی قانون کی خلاف ورزی کی ہے اسے کیفر کردار تک پہنچائے،حقیقی آزادی کے لئے جان کی قربانی بھی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں رجیم چینج کے سہولت کار جنرل (ر) باجوہ کا مقابلہ کروں گا اور پیچھا بھی کروں گا جس کی وجہ سے 13نوسر بازوں نے غریبوں کا11ہزار ارب لوٹا ہے۔


