بلوچستان کو سالانہ ڈیڑھ کروڑ گندم کے تھیلے درکار ہوتے ہیں، بحران پر قابو پائیں گے، فرح عظیم شاہ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) ترجمان حکومت بلوچستان محترمہ فرح عظیم شاہ نے صوبے میں آٹے اور گندم کی صورتحال سے متعلق تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہاکہ تقریباً ڈیڑھ کروڑ گندم کے تھیلے بلوچستان کی سالانہ ضرورت پورا کرنے کیلئے چاہیے ہوتے ہیں۔ نصیرآباد ڈویژن میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور موسم کی خراب صورتحال کی وجہ سے گندم کی سپلائی معمول کے مطابق نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے صوبے میں آٹے کی قلت کا سامنا کرنا پڑا۔ پنجاب اور سندھ سے گندم و آٹے کی سپلائی پر پابندی عائد تھی جس کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہوئی، پاسکو سے 6 لاکھ گندم کے تھیلے خریدے جارہے ہیں، جس میں سے تقریباً 4 لاکھ تھیلے فراہم کر دیے گئے ہیں اور 2 لاکھ تھیلے جلد مل جائیں گے۔ ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت پر کوئٹہ و دیگر علاقوں میں سستا آٹا سیل پوائنٹس قائم کیے گئے جن سے بہت بڑی تعداد میں عوام مستفید ہوئے۔ صوبائی حکومت عوامی مسائل کے موثر حل پر یقین رکھتی ہے۔ آٹے کے بحران پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات کیے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں