ہر بار ہمیں ہی قربانی دینا پڑتی ہے، مزید حملے برداشت نہیں کرسکتے، پشاور پولیس اہلکار
پشاور (این این آئی) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے پولیس لائنز میں ہونے والے خود کش دھماکے کے خلاف محکمہ پولیس کے ملازمین نے پشاور پریس کلب کے باہر مظاہرہ کرتے ہوئے دھماکے کی شفاف انکوائری کر کے حملہ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔بدھ کو پشاور پریس کلب کے باہر محکمہ پولیس کے ملازمین نے پولیس لائنز دھماکے کے خلاف احتجاج کیا جس میں سماجی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔مظاہرین نے دھماکے میں درجنوں افراد کی شہادت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔مظاہرین نے کہا کہ ہر بار پولیس کو ہی کیوں قربانی دینی پڑتی ہے اور پشاور پولیس پر مزید حملے برداشت نہیں کرسکتے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پولیس لائنز دھماکے کی شفاف انکوائری کرائی جائے اور حملہ کرنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔یاد رہے کہ پیر کو پشاور کے علاقے پولیس لائنز کی مسجد میں 101 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔