سی ڈی اے پارلیمنٹ لاجز کے کمروں پر قابض پی ٹی آئی ارکان سے کمرے خالی کرالیے

اسلام آباد (انتخاب نیوز) تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں کی منظوری کے بعد پارلیمنٹ لاجز کے کمروں پر قابض پی ٹی آئی ارکان سے کمرے خالی کرانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔ سی ڈی اے کی کارروائی میں رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب کے کمرے کا تالا توڑ کر سامان باہرنکال دیا گیا، 8 ارکان نے اپنے کمروں کی چابیاں انتظامیہ کے حوالے کردیں جبکہ بعض نے مہلت لے لی۔ پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان سے پارلیمنٹ لاجز کے کمرے خالی کروانے کی کارروائی کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر اور مجسٹریٹ کی موجودگی میں کی گئی، دونوں ضلعی افسران کی موجودگی میں رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب کے کمرے سی 303 سمیت دیگر ارکان کے کمروں کے تالے توڑے جارہے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے یہ کارروائی پارلیمنٹ لاجز کے سی بلاک میں شروع کی گئی، کمروں کے تالے توڑنے کی کارروائی کے دوران تھانہ سیکرٹریٹ اور اسلام آباد کی لیڈیز پولیس بھی موجود رہی۔ انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے 8 مستعفی ارکان اسمبلی نے اپنے کمروں کی چابیاں انتظامیہ کے حوالے کر دی ہیں، جن میں سابق وفاقی وزیر شفقت محمود بھی شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں