عمران جیل بھرو تحریک کیلئے خود کو اور پارٹی رہنمائوں کو نہیں، ورکرز کو آگے کر رہے ہیں ،شیری رحمان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان جیل بھرو تحریک کیلئے خود کو اور اپنے پارٹی رہنمائوں کو نہیں بلکہ ورکرز کو آگے کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف نے اعلان کیا ہے کہ 200 کارکنان لاہور اور 200 پشاور میں گرفتاری دینگے۔ افسوس ہے کہ عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی رہنما کارکنان کو اپنی سیاست کا ایندھن بنا رہے ہیں۔ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ سیاسی قائد ہر تحریک میں اپنے کارکنان کی قیادت کرتے ہیں۔ یہاں پارٹی قائد اور دیگر خود ضمانتیں لے رہے اور کارکنان کو جیل جانے کا کہہ رہے ہیں۔ عمران خان ہمت کریں اور جیل بھرو تحریک کی قیادت کریں۔ اپنے کارکنان کی حوصلہ افزائی کے لئے جیل جانے کی پہل کریں۔ انہوں نے کہا کہ کیا آئے روز عدالت سے میڈیکل گرائونڈ پر حفاظتی ضمانت لینے والوں کے کہنے پر لوگ جیل جائیں گے؟ عدالت بلائے تو کہتے ہیں ڈاکٹر نے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ آصف علی زرداری ہسپتال سے عدالتوں میں پیش ہوتے تھے، عمران خان کے لئے الگ اور دوسروں کیلئے الگ قانون کا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں