مردم شماری کا مقصد آبادی کو جانچنا ہے، بلوچستان کی ترقی کیلئے عوام کو بھرپور حصہ لینا ہوگا، نواب ثنا اللہ
خضدار (این این آئی) بلوچستان کے عوام اور تمام سیاسی جماعتیں قومی مردم شماری میں بھرپور انداز میں کردار ادا کرنے کیلئے اور ٹھوس حکمت عملی وضع کریں ہر شہر اور گلی میں اس حوالے سے عوام کو آگاہ کریں تاکہ اس قومی ڈیجیٹل مردم شماری میں بلوچستان کا ایک فرد بھی نہ رہ جائے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چیف آف جھالاوان و سابق وزیراعلی بلوچستان نواب ثناءاللہ خان زہری نے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وطن واپسی پر میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وسائل کی تقسیم آبادی کی بنیاد پر ہوتے ہیں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستیں بھی آبادی کے حساب پر ترتیب دی جاتی ہے بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ایک بہت بڑا صوبہ ہے جس کی آبادی بہت منتشر ہے یہاں کام کرنا بھی مشکل ہے آبادی کم ہونے کی وجہ سے بلوچستان کو وسائل کی تقسیم کے موقع پر بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے اب وقت آگیا ہے کہ اس قومی مردم شماری کے موقع پر بلوچستان کے تمام سیاسی جماعتیں سیول سوسائٹی سماجی تنظیمیں صحافت کے شعبے سے وابستہ تمام افراد اس قومی فریضہ کی انجام دہی کے لیے ایک پیج پر ہو کر منظم انداز میں لوگوں کے نام درج کرائی جائے اور اس مردم شماری سے ہمیں بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام کارکنوں ذمہ داران سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس قومی مہم مین بھرپور انداز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ہر گھر ہرگدان ہر ہر جھوپڑی پہاڑوں اور جنگلوں میں رہنے والے لوگوں تک پہنچ کر مردم شماری اور خانہ شماری میں انکا اندراج کرائی جائے پارٹی کارکنان کونسلرز اپنے اپنے وارڈز میں مردم شماری عملہ اور عوام کی رہنمائی کریں بلوچستان میں رہنے والے تمام طبقات علماءقبائلی معتبرین اس مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں مردم شماری کو کامیاب کرانا ہمارے صوبے اور یہاں کے عوام کی کامیابی ہے اس میں سستی کرنا قومی جرم ہے مردم شماری کرنے کا مقصد آبادی کو جانچنا ہے اور اس کی بنیاد پر صوبوں کو وسائل فراہم کرناہے اس موقع کو ہمیں غنیمت سمجھتے ہوئے بہترین انداز میں کام کریں بلوچستان کے مستقبل کو تابناک بنائیں۔


