دالبندین شہر میں چینی کا بحران پیدا ہوگیا، انتظامیہ اسمگلنگ کی روک تھام کرے، انجمن تاجران

چاغی (آن لائن) دالبندین انجمن تاجران دالبندین کے صدر حاجی آغا محمد محمد حسنی نے جاری بیان میں کہا ہے کہ دالبندین شہر میں چینی کا بحران پیدا ہوچکا ہے کیونکہ کوئٹہ لکپاس کسٹمز، ایف سی سمیت صوبائی انتظامیہ تاجروں کو کوئٹہ سے دالبندین تک چینی کی ترسیل نہیں کرنے دے رہی، دوسری جانب چینی کی افغانستان اسمگلنگ زور و شور سے جاری ہے، اسمگلرز اتنے طاقتور ہیں کہ وہ ٹرینیں بھر بھر کر چینی لے جاتے ہیں لیکن تاجروں کا پرچون مال چیک پوسٹوں پر روک دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ لکپاس کسٹمز ایف سی صوبائی انتظامیہ کی بے جا سختی کی وجہ سے دالبندین کی اکثر دکانوں پر چینی کا اسٹاک ختم ہوچکا ہے، تاجر برادری اور عوام پریشان ہیں لیکن متعلقہ اداروں کے افسران کو کوئی احساس نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں سختی کرنا چاہیے وہاں آنکھیں بند کرلی گئی ہیں اور قانونی کاروبار پر بے جا سختی کرکے عوام اور تاجروں کو نہ جانے کس جرم کی سزا دی جارہی ہے، لہٰذا چیف سیکرٹری بلوچستان، آئی جی ایف سی اور کلیکٹر کسٹمز بلوچستان اس صورتحال کا نوٹس لے کر ضلع چاغی کے پرچون گاڑیوں میں ضلع چاغی کے دکانداروں کو چینی لانے کی اجازت دیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسئلہ حل نہیں ہوا تو دالبندین میں شٹر ڈاﺅن اور پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں