بلوچستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں زلزلے کے جھٹکے

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان کے شہر بیلہ میں 3.9 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی گہرائی 68 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز بیلہ کے شمال مغرب میں 46 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔ کوئٹہ میں بھی صبح 5 بجے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اسی طرح، آج صبح تاجکستان اور چین کی سرڈ پر بھی 4.3 زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی گہرائی 171 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے باعث کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ دوسری جانب براعظم جنوبی امریکی کے ممالک ایکواڈور اور پیرو میں 6.7 شدت کے زلزلے میں 15 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے جب کہ درجنوں عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایکواڈور کے دوسرے بڑے شہر گویاکیل کے جنوبی علاقے میں 6.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ پیرو کے شمالی علاقے میں بھی اتنی ہی شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز ایکواڈور کے ساحلی علاقے گویاز سے تقریباً 50 میل (80km) جنوب میں تھا۔ اس علاقے کی آبادی 30 لاکھ سے زیادہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں