ایشائی ترقیاتی بینک پاکستان کو مزید 7 ارب ڈالر دینے پر رضا مند

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کی معیشت کی بحالی کیلئے 7 ارب ڈالر امداد دینے پر رضامند ہو گیا، پروگرام پر عملدرآمد کیلئے افرادی قوت اور ریڈ زون میں پلاٹ مانگ لیا،وزیراعظم نے ایک ایکڑ اراضی دینے کی منظوری دیدی۔
پاکستان نے کورونا وائرس کے باعث تباہ حال معیشت کو بحال کرنے کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کو آئندہ اڑھائی سال کے دوران 7.1ارب ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرنے پر قائل کرلیا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے وفاقی حکومت سے ریڈ زون میں دفتر کے قیام کیلئے ایک ایکڑ اراضی طلب کرلی ، موقف اپنایا کہ پاکستان میں اپنے امور کی بہتر طور پر انجام دہی کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کو مزید افرادی قوت اور جگہ درکار ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک31ہزار41روپے فی مربع گز کے حساب سے زمین کی کل لاگت 15کروڑ23لاکھ روپے جبکہ 0.6روپے مربع گز کے حساب سے سالانہ گراؤنڈ رینٹ ادا کرے گا۔
وزیراعظم نے اقتصادی امور ڈویژن کی سمری پر ایشیائی ترقیاتی بینک ریڈ زون میں ایک ایکڑ اراضی فراہم کرنے کی منظوری دیدی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے نئے کنٹری آپریشن بزنس پلان کے ذریعے 2020سے 2022تک پاکستان کو معیشت کی مضبوطی کیلئے 7.1ارب ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔پاکستان3.22ارب ڈالر سرمائے اور 2.174فیصد حصہ کے ساتھ ایشیائی ترقیاتی بینک کا بانی رکن ہے۔1966سے ابتک ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کو معاشی، توانائی، ٹرانسپورٹ،زراعت اور پانی کے شعبوں میں 25ار ب ڈالر سے زائد فراہم کیے جا چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں