امارات کی جانب سے رمضان میں پاکستانی مستحقین میں راشن تقسیم

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی متحدہ عرب امارات کی جانب سے گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی پاکستان میں مستحقین میں راشن کی تقسیم شروع کر دی گئی ۔مادرِ ملت امارات شیخہ فاطمہ بنت مبارک کی جانب سے راشن کی تقسیم کا آغاز کاٹھوڑ سے کیا گیا ۔شیخ حمدان گروپ کے ڈپٹی حمد بخیت عتیق الرومیتی اور حمدان بخیت عتیق الرومیتی نے آٹے کی تقسیم کا آغاز کیا۔اس مہم کے تحت سندھ اور بلوچستان کے اضلاع میں ہزاروں خاندانوں کو راشن تقسیم کیا جائے گا۔یو اے ای کی جانب سے 15 سال سے پاکستان بھر میں رمضان کے موقع پر راشن تقسیم کیا جا رہا ہے۔اس راشن میں ایک خاندان کے لئے 40 کلو آٹا، 20 کلو چاول اور 10 کلو چینی شامل ہے، اس کے علاوہ کھجور، 10 کلو دالیں، 5 کلو نمک، مصالحہ جات، بچوں کا دودھ اور مشروبات بھی شامل ہیں۔راشن کی تقسیم کا سلسلہ اگلے 15 روز تک جاری رہے گا، تقسیم کے نظام کو شفاف بنانے کے لئے مستحقین کو راشن کارڈ جاری کیے گئے ۔سیلاب اور بارشوں سے تباہی کے نتیجے میں بے گھر افراد کو یو اے ای نے غیر معمولی امداد دی۔امدادی سامان کے 57 جہاز دبئی سے کراچی اور دیگر شہروں میں سامان لے کر پہنچے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں