ٹڈی دل کے حملے ملک میں ایک خطرناک قحط کی صورت حال پیدا کرسکتے ہیں،بلاول بھٹو

کراچی :چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زر داری نے وفاقی حکومت کے زندگیوں کے بجائے معیشت کو بچانے کے بیانئے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ وفاقی حکومت کا کرونا وائرس اور ٹڈی دل سے متعلق غیرسنجیدہ رویہ بہت خطرناک ہے،سندھ حکومت کرونا وائرس سے عوام کے بچاؤ اور ٹڈی دل کے خاتمے کی اپنی کوششوں کو جاری رکھے،فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے ملک میں ایک خطرناک قحط کی صورت حال پیدا کرسکتے ہیں، اگر ٹڈی دل کے حملوں سے قحط کی صورت حال پیدا ہوئی تو اس کی وجہ وفاقی حکومت کی مجرمانہ غفلت ہوگی۔ منگل کو پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ دی ۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعلی سندھ نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایاکہ جب سے لاک ڈاؤن میں نرمی ہوئی، سینکڑوں بچے کرونا وائرس سے متاثر ہوئے۔ چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہاکہ وفاقی حکومت کا کرونا وائرس اور ٹڈی دل سے متعلق غیرسنجیدہ رویہ بہت خطرناک ہے۔ انہوںنے کہاکہ سندھ حکومت کرونا وائرس سے عوام کے بچاؤ اور ٹڈی دل کے خاتمے کی اپنی کوششوں کو جاری رکھے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کے زندگیوں کے بجائے معیشت کو بچانے کے بیانئے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ زندگیاں بچانے کیلئے صحت کی سہولیات بھی فراہم کرے اور معیشت کو بھی بچائے۔ انہوںنے کہاکہ وفاقی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے فرار اختیار نہیں کرسکتی، باوجود رکاوٹوں اور مخالفین کی جانب سے الجھاؤ پیدا کرنے کے سندھ حکومت نے وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے سخت اقدامات کئے۔ انہوںنے کہاکہ میں کرونا وائرس کے حوالے سے سندھ حکومت کے اقدامات کو سراہتا ہوں، مخالفین کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کو نظرانداز کرکے سندھ حکومت کرونا وائرس کے حوالے سے اپنی کاوشوں کو جاری رکھے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں ٹڈی دل کے حملوں پر بھی وزیراعلیٰ سندھ سے بات چیت کی ۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ وفاقی حکومت ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پروگرام پر عمل درآمد میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے ملک میں ایک خطرناک قحط کی صورت حال پیدا کرسکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اگر ٹڈی دل کے حملوں سے قحط کی صورت حال پیدا ہوئی تو اس کی وجہ وفاقی حکومت کی مجرمانہ غفلت ہوگی، سندھ حکومت تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبے کے تمام اضلاع سے ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے کام کرے، وفاقی حکومت کو بھی جاگنا چاہئے کہ ٹڈی دل کا خاتمہ وفاقی ادارے پلانٹ پراٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں